Tameerewatan
tameerewatan

پاکستان کی آٹو مارکیٹ میں بڑی تبدیلی، چینی گاڑیوں نے جاپانی کمپنیوں کو چیلنج کردیا

چین نے گاڑیوں کی برآمدات کا نیا ریکارڈ قائم کردیا، پاکستان میں الیکٹرک، ایس یو وی اور کراس اوور گاڑیوں کی بڑھتی آمد سے تین دہائیوں سے قائم جاپانی کمپنیوں کی بالادستی کو سخت مقابلے کا سامنا

اسلام آباد: چین کی آٹو موبائل صنعت نے گاڑیوں کی برآمدات میں نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے، رواں سال اگست تک چین سے برآمد ہونے والی گاڑیوں کی تعداد گزشتہ پورے سال کی مجموعی برآمدات سے بھی تجاوز کرگئی۔

چینی آٹو ساز کمپنیاں مغربی منڈیوں میں تجارتی رکاوٹوں کے بعد تیزی سے ابھرتی ہوئی مارکیٹوں کا رخ کررہی ہیں، جس کے اثرات پاکستان کی آٹو انڈسٹری میں بھی نمایاں ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

پاکستان میں مختلف چینی برانڈز خصوصاً ایس یو وی اور کراس اوور گاڑیوں کے شعبے میں اپنی جگہ مضبوط کررہے ہیں، جبکہ بی وائی ڈی اور ڈیپال سمیت نئی کمپنیوں کی آمد سے الیکٹرک گاڑیوں کی مارکیٹ بھی تیزی سے وسعت اختیار کررہی ہے۔

اس بڑھتے ہوئے مقابلے کے نتیجے میں پاکستان کی آٹو مارکیٹ میں طویل عرصے سے مضبوط پوزیشن رکھنے والی ٹویوٹا، ہونڈا اور سوزوکی کو چینی کمپنیوں سے نئے مقابلے کا سامنا ہے۔

پاکستان کی نئی انرجی وہیکل پالیسی 2025-30 کے تحت بھی الیکٹرک اور دیگر نئی توانائی سے چلنے والی گاڑیوں کے استعمال کو فروغ دینے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ پالیسی میں 2030 تک نئی انرجی گاڑیوں کا نئی فروخت میں حصہ 30 فیصد تک پہنچانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔

اس کے علاوہ 2030 تک ملک بھر میں 3 ہزار پبلک فاسٹ چارجنگ اسٹیشن قائم کرنے کی منصوبہ بندی بھی شامل ہے، جس سے الیکٹرک گاڑیوں کیلئے بنیادی ڈھانچے کو وسعت ملنے کی توقع ہے۔

ماہرین کے مطابق پاکستان کیلئے اصل موقع صرف چینی گاڑیوں کی درآمد یا مقامی اسمبلنگ تک محدود نہیں۔ بیٹری پیک، وائرنگ، چارجنگ آلات، گاڑیوں کے اندرونی حصوں اور دیگر پرزوں کی مقامی تیاری کو فروغ دے کر چینی سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی سے ملکی صنعت کو بھی فائدہ پہنچایا جاسکتا ہے۔

دوسری جانب جاپانی کمپنیاں ہائبرڈ ٹیکنالوجی کے ذریعے پاکستانی مارکیٹ میں اپنی پوزیشن برقرار رکھنے کی کوشش کررہی ہیں، جس سے آنے والے برسوں میں مقامی آٹو مارکیٹ میں مقابلہ مزید بڑھنے کا امکان ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More