پنشنرز کو اب ہر 6 ماہ بعد بینک جانے کی ضرورت نہیں، نادرا نے بڑی مشکل حل کردی
پروف آف لائف سرٹیفکیٹ پاک آئی ڈی موبائل ایپ سمیت نادرا مراکز، یونین کونسلز اور ای سہولت فرنچائزز سے حاصل کیا جاسکے گا، درخواست متعلقہ پنشن ادارے کو ڈیجیٹل طور پر منتقل ہوگی
اسلام آباد: نادرا نے پنشنرز کیلئے پروف آف لائف یعنی تصدیقِ حیات کے عمل کو آسان بنادیا ہے، جس کے بعد بزرگ پنشنرز کو ہر چھ ماہ بعد صرف اپنی حیات کی تصدیق کیلئے متعلقہ بینک جانے کی پریشانی سے بڑی حد تک نجات مل سکے گی۔
نادرا کے ترجمان شباہت علی کے مطابق یہ سہولت پاک آئی ڈی موبائل ایپ، نادرا رجسٹریشن مراکز، یونین کونسلز، ای سہولت فرنچائزز اور نادرا کی موبائل سروسز کے ذریعے ملک بھر میں دستیاب ہے۔
خصوصاً ایسے بزرگ، بیمار یا خصوصی افراد جو بینک یا متعلقہ دفتر جانے میں مشکلات کا سامنا کرتے ہیں، وہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے تصدیقِ حیات کا عمل مکمل کرسکتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق موبائل ایپ پر ضروری کارروائی مکمل کرکے درخواست جمع کرانے کے بعد معلومات الیکٹرانک طریقے سے متعلقہ پنشن جاری کرنے والے ادارے کو منتقل ہوجائیں گی۔
متعلقہ پنشن اتھارٹی درخواست موصول ہونے کے بعد قواعد کے مطابق کارروائی مکمل کرے گی اور متعلقہ بینک کو پنشن کی رقم پنشنر کے اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کیلئے ہدایات دے سکے گی۔
نادرا کا کہنا ہے کہ اس ڈیجیٹل نظام کا بنیادی مقصد پنشنرز کو غیر ضروری کاغذی کارروائی اور بار بار دفاتر یا بینکوں کے چکر لگانے سے بچاتے ہوئے پنشن کے عمل کو زیادہ آسان اور تیز بنانا ہے۔