کوئٹہ چیمبر انتخابات کا پہلا معرکہ مکمل، تمام امیدوار بلا مقابلہ کامیاب
انتخابات 2026-28 کا پہلا مرحلہ مکمل، کارپوریٹ اور ایسوسی ایٹ کلاس کے امیدوار کامیاب، اگلے مرحلے میں صدر، سینئر نائب صدر اور نائب صدر کا انتخاب ہوگا
کوئٹہ: کوئٹہ چیمبر آف سمال انڈسٹری کے سالانہ انتخابات برائے 2026-28 کا پہلا مرحلہ مکمل ہوگیا، جس میں کارپوریٹ اور ایسوسی ایٹ کلاس سے تعلق رکھنے والے تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہوگئے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق انتخابی عمل مقررہ قواعد و ضوابط کے تحت منظم انداز میں مکمل کیا گیا۔ وزارت تجارت کے متعلقہ اداروں اور ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ٹریڈ آرگنائزیشنز (ڈی جی ٹی او) کی جانب سے انتخابی عمل کی نگرانی کی گئی۔
اس موقع پر ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کوئٹہ کے نمائندے زین العابدین نے بطور الیکشن آبزرور مختلف انتخابی مراحل کا جائزہ لیا۔
الیکشن کمیشن اور متعلقہ عملے کے مطابق انتخابات کے دوران مقررہ ضوابط پر عملدرآمد اور انتخابی عمل کی شفافیت و غیر جانب داری برقرار رکھنے کیلئے ضروری انتظامات کیے گئے تھے۔
الیکشن کمیشن نے بلا مقابلہ منتخب ہونے والے ممبران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نومنتخب نمائندے کاروباری برادری کے مسائل کے حل، چیمبر کی بہتری اور بلوچستان میں تجارت و صنعت کے فروغ کیلئے مؤثر کردار ادا کریں گے۔
نومنتخب ممبران نے بھی چیمبر کے امور کو مزید مؤثر بنانے اور کاروباری طبقے کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
پہلا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد انتخابی عمل اب اگلے مرحلے میں داخل ہوگیا ہے، جس میں صدر، سینئر نائب صدر اور نائب صدر کا انتخاب مقررہ انتخابی ضوابط کے مطابق کیا جائے گا۔