اے آئی کی ایک غلطی، امریکا اور چین جنگ کے دہانے پر پہنچ گئے
غلط معلومات پر امریکی فوج چینی بحری جہاز کے خلاف کارروائی کیلئے تیار ہوگئی، طیارے بھی روانہ ہوئے، عین وقت پر حقیقت سامنے آگئی
واشنگٹن: مصنوعی ذہانت سے حاصل ہونے والی غلط معلومات امریکا اور چین کے درمیان سنگین فوجی تصادم کا سبب بنتے بنتے رہ گئیں۔ رپورٹ کے مطابق امریکی فوج نے مشرق وسطیٰ میں موجود ایک چینی بحری جہاز کو روکنے کیلئے عملی تیاری بھی شروع کردی تھی۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے حوالے سے بتایا گیا کہ ایران کے خلاف جنگ کے دوران ایک انٹیلی جنس رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ چینی جہاز جوہری ہتھیاروں کے پروگرام سے متعلق پرزے لے جارہا ہے۔
اس اطلاع کے بعد امریکی فوج نے جہاز کو روکنے کا منصوبہ بنایا، مسلح اہلکاروں کو تیار کیا گیا اور فوجی طیارے بھی فضا میں روانہ کردیے گئے۔ تاہم کارروائی سے کچھ دیر قبل رپورٹ کی مزید جانچ کی گئی تو معلوم ہوا کہ اس کی تیاری میں اے آئی کی مدد لی گئی تھی اور چیٹ بوٹ نے جہاز پر موجود سامان کی شناخت میں غلطی کی تھی۔
رپورٹ کے مطابق غلط معلومات کی بنیاد پر پیدا ہونے والی صورتحال اس قدر سنگین ہوگئی تھی کہ چینی جہاز کے خلاف امریکی کارروائی دونوں ممالک کے درمیان مسلح تصادم کا باعث بن سکتی تھی۔
اس واقعے کے بعد جنگی اور انٹیلی جنس معاملات میں مصنوعی ذہانت سے حاصل ہونے والی معلومات کی انسانی سطح پر تصدیق کی اہمیت ایک بار پھر نمایاں ہوگئی ہے۔