ایران نے شرائط امریکا کو دے دیں، اب ٹرمپ کے جواب کا انتظار
ٹرمپ نہ مذاکرات کا فیصلہ کر پا رہے ہیں نہ جنگ کا، ایران اپنے مؤقف پر قائم ہے، سربراہ ایرانی قومی سلامتی کونسل محسن رضائی کا دعویٰ
تہران: ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سربراہ میجر جنرل محسن رضائی نے کہا ہے کہ تہران اپنی شرائط امریکا کے حوالے کرچکا ہے، تاہم امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے تاحال کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔
آذربائیجان کے نائب وزیراعظم شاہین مصطفیوف سے ملاقات کے دوران محسن رضائی نے دعویٰ کیا کہ امریکی صدر اس وقت ایسی صورتحال میں ہیں جہاں وہ نہ مذاکرات اور نہ ہی جنگ کے حوالے سے فیصلہ کر پا رہے ہیں۔
ایرانی عہدیدار نے کہا کہ تہران قفقاز میں امن کیلئے کردار ادا کرنے کو تیار ہے اور امریکا و اسرائیل کے مقابلے میں اپنے دفاعی مؤقف پر قائم رہے گا۔
رپورٹس کے مطابق ایران کی سات نکاتی تجاویز پر امریکا کے جواب کی توقع کی جارہی تھی، تاہم ان تجاویز کو باضابطہ طور پر قبول یا مسترد کیے جانے کا اعلان تاحال سامنے نہیں آیا۔
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے امریکا سے روانگی کے موقع پر کہا کہ ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی اور سات نکاتی تجاویز بنیادی طور پر آبنائے ہرمز کھولنے سے متعلق ہیں۔
دوسری جانب آذربائیجان کے نائب وزیراعظم نے ان الزامات کی تردید کی کہ ان کے ملک کی سرزمین ایران کے خلاف کارروائیوں کیلئے استعمال ہوئی۔