Tameerewatan
tameerewatan

امریکا ایران جنگ ختم ہونے کی امید، قطر نے پس پردہ رابطوں کی تصدیق کردی

دوحہ دونوں ممالک کے درمیان پیغامات پہنچا رہا ہے، اختلافات کم کرکے پرامن حل تلاش کرنے کیلئے ثالثی جاری ہے، قطری وزارت خارجہ

دوحہ: قطر نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری تنازع ختم کرانے کیلئے سفارتی کوششوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوحہ دونوں فریقوں کے درمیان پیغامات پہنچا رہا ہے اور اختلافات کم کرنے کیلئے رابطے جاری ہیں۔

قطری وزارت خارجہ کے ترجمان ماجد الانصاری نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ ثالثی کا عمل جاری ہے اور اس وقت امریکی اور ایرانی فریقوں کے درمیان پیغامات کا تبادلہ کرانے میں قطر کردار ادا کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ قطر کی کوشش ہے کہ دونوں ممالک کے مؤقف میں مشترکہ بنیاد تلاش کی جائے اور تنازع کے پرامن حل کی راہ ہموار کی جاسکے۔

ایران کے خلاف ممکنہ بڑے امریکی فوجی حملے سے متعلق سوال پر قطری ترجمان نے کہا کہ دوحہ خطے میں کشیدگی میں کسی بھی اضافے پر تشویش رکھتا ہے اور صورتحال کا پرامن حل تلاش کرنے کیلئے کام کررہا ہے۔

قطری حکام کے مطابق حالیہ دنوں میں امریکا اور ایران کے درمیان متعدد رابطے اور پیغامات کا تبادلہ ہوا ہے، جبکہ بعض سفارتی رابطے نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر بھی ہوئے۔

ثالثی کی کوششوں میں آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی بحالی، علاقائی سلامتی اور مستقبل میں کشیدگی روکنے کیلئے ممکنہ انتظامات بھی زیر غور ہیں۔

قطری وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ کسی ممکنہ معاہدے کی راہ میں اب بھی رکاوٹیں موجود ہیں، تاہم دوحہ دونوں فریقوں کے درمیان فاصلے کم کرکے ایسا حل تلاش کرنے کی کوشش کررہا ہے جو خطے میں امن اور معمول کی صورتحال کی بحالی میں مدد دے۔

قطر نے خطے میں مزید جنگ اور کشیدگی سے بچنے کیلئے مذاکرات، بقائے باہمی اور ایک دوسرے کے خلاف کارروائی سے گریز پر مبنی علاقائی سکیورٹی فریم ورک کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More