امریکا ایران جنگ رکوانے کیلئے پاکستان کا کردار اہم، اقوام متحدہ کا رابطہ
اقوام متحدہ نے پاکستانی حکام سے رابطے کی تصدیق کردی، اسلام آباد مفاہمتی معاہدے میں پاکستان کے کردار کو اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے فریقین کو دوبارہ مذاکرات کی میز پر آنے پر زور
نیویارک: اقوام متحدہ نے امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے خاتمے کی سفارتی کوششوں کے سلسلے میں پاکستان کے ساتھ رابطوں کی تصدیق کردی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان اسٹیفن دوجارک کے مطابق عالمی ادارہ اس معاملے پر پاکستانی حکام کے ساتھ رابطے میں ہے اور تنازع کے خاتمے کیلئے سفارتی کوششوں کی حمایت کررہا ہے۔
ترجمان نے جون میں امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے اسلام آباد مفاہمتی معاہدے میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے اسے اہم کامیابی قرار دیا۔ ان کے مطابق پاکستان سمیت خطے کے دیگر ممالک نے بھی مذاکراتی عمل آگے بڑھانے میں کردار ادا کیا تھا۔
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکرات کی بحالی موجودہ جنگ کے خاتمے کی راہ ہموار کرسکتی ہے، اس لیے فریقین کو اختلافات کے حل کیلئے بات چیت اور سفارت کاری کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔
عالمی ادارہ اس سے قبل بھی امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی اور مذاکرات کی حمایت کرچکا ہے اور اس کا مؤقف ہے کہ موجودہ بحران کا پائیدار حل بامعنی سفارتی مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے۔