Tameerewatan
tameerewatan

دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رہے گی، فیلڈ مارشل عاصم منیر

آرمی چیف کا پشاور کور ہیڈکوارٹرز کا دورہ، فارمیشنز کو ہمہ وقت چوکس اور اعلیٰ آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت، شہداء کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جائیں گی

پشاور: چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دہشت گردی کے خاتمے اور ملک میں دیرپا امن و استحکام کے قیام کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے فوجی فارمیشنز کو مسلسل چوکس رہنے اور اعلیٰ سطح کی آپریشنل تیاری برقرار رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کور ہیڈکوارٹرز پشاور کا دورہ کیا، جہاں انہیں خیبرپختونخوا کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، جاری انسداد دہشت گردی آپریشنز، سرحدی انتظامات اور تعینات فارمیشنز کی آپریشنل تیاریوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

آرمی چیف نے کہا کہ مسلح افواج قوم کی بھرپور حمایت کے ساتھ دہشت گردی کے خاتمے اور ملک بھر میں پائیدار امن و استحکام کیلئے پرعزم ہیں، جبکہ مادر وطن کیلئے جانیں قربان کرنے والے شہداء کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔

فیلڈ مارشل عاصم منیر نے افسران اور جوانوں کے حوصلے، پیشہ ورانہ صلاحیت اور آپریشنل تیاری کو سراہتے ہوئے عوام کے تحفظ کیلئے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

دورے کے دوران آرمی چیف نے یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی، جبکہ دفاع وطن اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق پشاور پہنچنے پر کور کمانڈر پشاور نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More