کوئٹہ میں جناح پیپلز ٹرین آج پٹری پر، کرایہ صرف 50 سے 100 روپے
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی افتتاح کریں گے، 3 ارب روپے کے منصوبے میں سریاب سے کچلاک تک 7 اسٹیشن شامل
کوئٹہ: صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں جناح پیپلز ٹرین کا افتتاح آج وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی کریں گے، جس کے بعد شہریوں کو سریاب سے کچلاک تک نئی سفری سہولت میسر آئے گی۔
ریلوے حکام کے مطابق جناح پیپلز ٹرین سریاب اور کچلاک کے درمیان چلائی جائے گی اور منصوبے پر مجموعی طور پر 3 ارب روپے لاگت آئی ہے۔
ٹرین کے روٹ میں کچلاک، بلیلی، شیخ ماندا، جی او آر، کوئٹہ، لور کاریز اور سریاب سمیت مجموعی طور پر 7 اسٹیشن شامل کیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق ٹرین دو ایئرکنڈیشنڈ کوچز اور ایک پاور وین پر مشتمل ہے۔ اس میں 198 مسافروں کیلئے بیٹھنے جبکہ مزید 60 مسافروں کیلئے کھڑے ہوکر سفر کرنے کی گنجائش ہوگی۔
جناح پیپلز ٹرین کا کرایہ فاصلے کے لحاظ سے 50 سے 100 روپے تجویز کیا گیا ہے، جس سے سریاب، کوئٹہ شہر اور کچلاک کے درمیان روزانہ سفر کرنے والے شہریوں کو کم لاگت سفری سہولت میسر آنے کی توقع ہے۔