مسلسل ناکامیوں کے بعد بابر اعظم نے بڑا فیصلہ کرلیا
سات سال بعد ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی، قومی کپتان فارم اور ردھم بحال کرنے کے لیے او جی ڈی سی ایل کی نمائندگی کریں گے
لاہور: انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں توقعات کے مطابق کارکردگی نہ دکھانے کے بعد قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے اپنی فارم بہتر بنانے کے لیے ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی کا فیصلہ کرلیا۔
بابر اعظم جاری پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ میں آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) کی جانب سے بطور گیسٹ پلیئر میدان میں اتریں گے۔
ذرائع کے مطابق بابر اعظم نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے درخواست کی تھی کہ انہیں فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلنے کا موقع دیا جائے تاکہ وہ طویل فارمیٹ میں اپنی فارم اور بیٹنگ ردھم کو مزید بہتر بنا سکیں۔ پی سی بی نے ان کی درخواست کے بعد او جی ڈی سی ایل کے ساتھ انتظام کیا۔
بابر اعظم دسمبر 2022 کے بعد سے ٹیسٹ کرکٹ میں سنچری اسکور نہیں کرسکے۔ 2023 سے اب تک 39 ٹیسٹ اننگز میں ان کی اوسط 30.43 رہی جبکہ اس دوران انہوں نے آٹھ نصف سنچریاں بنائیں۔
ان کی آخری ٹیسٹ سنچری دسمبر 2022 میں نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی میں سامنے آئی تھی، جہاں انہوں نے 161 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی۔
بابر اعظم تقریباً سات سال بعد پاکستان کی ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپس آرہے ہیں۔ انہوں نے آخری مرتبہ 2019 میں ڈومیسٹک فرسٹ کلاس میچ کھیلا تھا اور سینٹرل پنجاب کو قائداعظم ٹرافی کا ٹائٹل دلانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
اب ان کی ڈومیسٹک کرکٹ میں واپسی کو فارم کی بحالی اور مستقبل کے ٹیسٹ مقابلوں کی تیاری کے حوالے سے اہم قرار دیا جارہا ہے۔