ایک فلم نے نوازالدین صدیقی کی قسمت بدل دی، خالی چیک ملنے لگے
’گینگز آف واسع پور‘ کے بعد تقریباً 200 فلموں کی پیشکش ہوئی، اداکار نے بیشتر اسکرپٹس مسترد کرکے سب کو حیران کردیا
ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار نوازالدین صدیقی نے انکشاف کیا ہے کہ فلم ’گینگز آف واسع پور‘ نے ان کے کیریئر کا رخ مکمل طور پر بدل دیا اور اس کی کامیابی کے بعد انہیں فلموں کی پیشکشوں کا انبار لگ گیا۔
نوازالدین صدیقی نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ فلم کی ریلیز کے بعد ان کے پاس بڑی تعداد میں اسکرپٹس پہنچے اور تقریباً 200 فلموں میں کام کرنے کی پیشکش ہوئی۔
اداکار کے مطابق صورتحال یہاں تک پہنچ گئی کہ بعض لوگوں نے انہیں خالی چیک دے کر کہا کہ وہ اپنی مرضی کا معاوضہ اور شوٹنگ کی دستیاب تاریخیں خود درج کردیں۔
تاہم کئی برس تک بالی ووڈ میں جدوجہد کرنے والے نوازالدین نے کامیابی ملتے ہی ہر پیشکش قبول کرنے کے بجائے بیشتر اسکرپٹس مسترد کردیے۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں پیش کیے جانے والے زیادہ تر کردار متاثر کن نہیں لگے، اس لیے انہوں نے فوری معاوضے اور مسلسل کام کے بجائے کسی مضبوط کردار اور بہتر منصوبے کا انتظار کرنے کا فیصلہ کیا۔
نوازالدین کے مطابق یہ فیصلہ بعد میں ان کے حق میں ثابت ہوا اور انہیں زیادہ بہتر اور جاندار کردار ملنے لگے، جس سے وہ اپنی پسند کے کام کے ساتھ کیریئر آگے بڑھانے میں کامیاب رہے۔
نوازالدین صدیقی نے 1999 میں فلم ’سرفروش‘ میں مختصر کردار سے بالی ووڈ میں قدم رکھا تھا، تاہم طویل جدوجہد کے بعد ’گینگز آف واسع پور‘ ان کے کیریئر کا اہم موڑ ثابت ہوئی۔