کوہلی کا تاریخی کارنامہ، ایک ہی میچ میں سچن کے 2 بڑے ریکارڈ توڑ ڈالے
ویسٹ انڈیز کیخلاف ناقابلِ شکست 139 رنز کی دھواں دار اننگز، صرف 303 اننگز میں 15 ہزار ون ڈے رنز مکمل، بھارت میں سب سے زیادہ ون ڈے رنز کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا
ترواننت پورم: بھارتی اسٹار بلے باز ویرات کوہلی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلے ون ڈے میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے ایک ہی میچ میں سچن ٹنڈولکر کے دو بڑے ریکارڈ توڑ دیے۔
کوہلی نے 88 گیندوں پر ناقابلِ شکست 139 رنز بنائے، جس میں 10 چوکے اور 9 چھکے شامل تھے۔ اس اننگز کے دوران وہ بھارتی سرزمین پر ون ڈے کرکٹ میں 7 ہزار رنز مکمل کرنے والے پہلے بلے باز بن گئے۔
کوہلی نے بھارت میں اپنے ون ڈے رنز کی تعداد 7,006 تک پہنچا کر سچن ٹنڈولکر کا 6,976 رنز کا ریکارڈ بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
اسی اننگز میں کوہلی نے ون ڈے کرکٹ میں 15 ہزار رنز کا تاریخی سنگ میل بھی عبور کیا۔ انہوں نے یہ اعزاز صرف 303 اننگز میں حاصل کیا، جبکہ سچن ٹنڈولکر نے 15 ہزار رنز مکمل کرنے کیلئے 377 اننگز کھیلی تھیں۔
کوہلی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے ون ڈے کیریئر کی 55ویں سنچری بھی مکمل کی، جبکہ لسٹ اے کرکٹ میں 60 سنچریاں بنا کر سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ برابر کردیا۔