کوئٹہ میں فٹبال کا بڑا میلہ سج گیا، ملک بھر سے 81 ٹیمیں میدان میں
چھٹے آل پاکستان وزیراعلیٰ بلوچستان فٹبال گولڈ کپ کا شاندار آغاز، افتتاحی مقابلے میں بلوچ کلب نوشکی نے افغان کلب چمن کو ایک صفر سے شکست دے دی
کوئٹہ: بلوچستان میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دیتے ہوئے ایوب اسپورٹس کمپلیکس کوئٹہ میں چھٹے آل پاکستان وزیراعلیٰ بلوچستان فٹبال گولڈ کپ کا آغاز ہوگیا، جس میں ملک بھر سے 81 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔
ٹورنامنٹ کے افتتاحی مقابلے میں بلوچ کلب نوشکی نے افغان کلب چمن کو دلچسپ مقابلے کے بعد ایک صفر سے شکست دے کر اپنی مہم کا کامیاب آغاز کیا۔
افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی پارلیمانی سیکرٹری برائے محکمہ ماہی گیری حاجی برکت رند تھے، جبکہ سیکرٹری کھیل دُرا بلوچ، ڈی جی کھیل یاسر بازئی اور کھیلوں سے وابستہ دیگر شخصیات نے بھی تقریب میں شرکت کی۔
ٹورنامنٹ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں کیلئے بڑے نقد انعامات رکھے گئے ہیں۔ فاتح ٹیم کو 30 لاکھ روپے، رنر اپ کو 15 لاکھ روپے جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کو 5 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔
ملک بھر سے بڑی تعداد میں ٹیموں کی شرکت کے باعث ایوب اسپورٹس کمپلیکس میں فٹبال شائقین کیلئے کئی دلچسپ مقابلے متوقع ہیں۔