– محمد رضوان سے تحقیقات میں نیا موڑ، این سی سی آئی اے سے موبائل واپس مانگ لیا
قومی کرکٹر کا دوسرا خط، انکوائری کی وجوہات تحریری طور پر بتانے اور آئندہ پیشی کی تاریخ سے آگاہ کرنے کا مطالبہ
قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان نے نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کو دوسرا خط لکھ کر اپنا موبائل فون فوری واپس کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔
محمد رضوان نے خط میں مؤقف اختیار کیا کہ انہیں اب تک انکوائری کی وجوہات تحریری طور پر نہیں بتائی گئیں اور نہ ہی مزید کارروائی کے حوالے سے ان سے رابطہ کیا گیا ہے۔
رضوان کے مطابق 31 اگست کو انگلینڈ میں ان سے موبائل فون لیا گیا تھا اور انہوں نے اس کا پاس ورڈ بھی فراہم کردیا تھا۔ بعد ازاں 10 ستمبر کو پیشی کے موقع پر حکام نے ان کی موجودگی میں فون کے پیغامات اور دیگر مواد کا جائزہ بھی لیا۔
قومی کرکٹر کا کہنا ہے کہ انہوں نے ہر مرحلے پر تحقیقات میں تعاون کیا، اس لیے انہیں انکوائری کی وجوہات اور آئندہ حاضری کی تاریخ سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا جائے جبکہ ان کا موبائل فون بھی بلا تاخیر واپس کیا جائے۔