سنسنی خیز فائنل میں واپڈا کو شکست، کوئٹہ پولیس بیڈمنٹن چیمپئن بن گئی
فیاض سنبل شہید پولیس لائنز میں بیڈمنٹن اوپن ٹورنامنٹ اختتام پذیر، آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے فاتح کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور انعامات تقسیم کیے
کوئٹہ: فیاض سنبل شہید پولیس لائنز کوئٹہ میں محکمہ پولیس کے زیر اہتمام بیڈمنٹن اوپن ٹورنامنٹ اختتام پذیر ہوگیا، سنسنی خیز فائنل مقابلے میں کوئٹہ پولیس نے واپڈا کو شکست دے کر چیمپئن شپ اپنے نام کرلی۔
23 سے 28 ستمبر تک جاری رہنے والے ٹورنامنٹ میں مرد و خواتین کھلاڑیوں نے سنگلز، ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں حصہ لیا اور اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا کہ بلوچستان پولیس عوام کے جان و مال کے تحفظ اور پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی کے ساتھ کھیلوں میں بھی نمایاں کامیابیاں حاصل کررہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں اور نوجوانوں کو ڈیوٹی کے ساتھ کھیلوں اور دیگر مثبت سرگرمیوں میں شرکت کے مواقع فراہم کیے جارہے ہیں تاکہ ان کی صلاحیتوں اور جسمانی و ذہنی استعداد کو مزید بہتر بنایا جاسکے۔
آئی جی پولیس نے کہا کہ کھیلوں کے میدان آباد ہونے سے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب اور منفی سرگرمیوں سے دور رکھنے میں مدد ملتی ہے۔
محمد طاہر نے ٹورنامنٹ کے کامیاب انعقاد پر منتظمین، کھلاڑیوں اور اسپانسر ادارے ڈی ایچ اے کوئٹہ کی کاوشوں کو سراہا۔
تقریب کے اختتام پر آئی جی پولیس بلوچستان نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں اور ٹیموں میں ٹرافیاں، میڈلز اور انعامات تقسیم کیے۔