ایران نے عمان اجلاس ملتوی ہونے کی وجہ بتادی
سعودی عرب کی درخواست پر ایران اور خلیجی ممالک کا اہم اجلاس مؤخر، آبنائے ہرمز سمیت علاقائی صورتحال پر بات چیت ہونا تھی، نئی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا
تہران: ایران نے خلیجی ممالک کے ساتھ عمان میں ہونے والے اہم علاقائی اجلاس کے ملتوی ہونے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ اجلاس سعودی عرب کی درخواست پر مؤخر کیا گیا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق اجلاس میں آبنائے ہرمز کی موجودہ صورتحال سمیت خطے کو درپیش اہم معاملات پر تبادلہ خیال متوقع تھا، تاہم سعودی عرب کی جانب سے اسے ملتوی کرنے کی درخواست سامنے آنے کے بعد اجلاس فی الحال مؤخر کردیا گیا۔
عمان نے بھی اجلاس ملتوی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام کا مقصد فریقین کے درمیان اتفاقِ رائے پیدا کرنے اور تعمیری مذاکرات کے لیے زیادہ سازگار ماحول فراہم کرنا ہے۔
اجلاس میں ایران کے علاوہ عراق اور خلیجی ممالک کی شرکت متوقع تھی۔ آبنائے ہرمز کی صورتحال اس وقت خصوصی اہمیت اختیار کرچکی ہے کیونکہ یہ عالمی سطح پر تیل اور گیس کی ترسیل کے اہم ترین بحری راستوں میں شمار ہوتی ہے۔
خطے میں جاری کشیدگی کے باعث آبنائے ہرمز سے تجارتی اور توانائی کی ترسیل متاثر ہونے کے خدشات موجود ہیں، اسی لیے ایران اور خلیجی ممالک کے درمیان مجوزہ مذاکرات کو اہم پیش رفت کے طور پر دیکھا جارہا تھا۔
عمان کی جانب سے اجلاس کی نئی تاریخ کا فی الحال اعلان نہیں کیا گیا، تاہم علاقائی استحکام اور باہمی تعاون کے لیے مذاکرات جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ہے۔