Tameerewatan
tameerewatan

انگلینڈ سے شکست کے بعد پاکستان کو ایک اور بڑا جھٹکا، آئی سی سی نے سخت سزا سنا دی

سلو اوور ریٹ قومی ٹیم کو مہنگا پڑگیا، میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 11 قیمتی پوائنٹس بھی چھن گئے

برمنگھم: انگلینڈ کے خلاف ایجبسٹن ٹیسٹ میں شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کو ایک اور بڑا دھچکا لگ گیا، انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سلو اوور ریٹ پر قومی ٹیم کو جرمانے کے ساتھ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 11 پوائنٹس سے بھی محروم کردیا۔

آئی سی سی کے مطابق تمام رعایتوں کو مدنظر رکھنے کے بعد پاکستان کو مقررہ وقت میں 11 اوورز کم کرانے کا ذمہ دار قرار دیا گیا۔ قواعد کے تحت ہر کم اوور پر کھلاڑیوں کی میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے، جس کے نتیجے میں قومی ٹیم پر میچ فیس کا مجموعی طور پر 50 فیصد جرمانہ عائد ہوا۔

سلو اوور ریٹ کے باعث پاکستان کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 11 پوائنٹس بھی منہا کردیے گئے، جس کے بعد قومی ٹیم کے پاس صرف 5 پوائنٹس باقی رہ گئے ہیں اور پاکستان چیمپئن شپ کی درجہ بندی میں آخری پوزیشن پر موجود ہے۔

قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے سلو اوور ریٹ سے متعلق خلاف ورزی اور تجویز کردہ سزا تسلیم کرلی، جس کے باعث معاملے کی باقاعدہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔

پاکستان کے خلاف چارج فیلڈ امپائرز پال ریفل اور کرس گیفنی، تیسرے امپائر الاؤالدین پالیکر اور چوتھے امپائر رسل وارن کی جانب سے عائد کیا گیا تھا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More