Tameerewatan
tameerewatan

کسی نے جارحیت کی تو بڑا سرپرائز ملے گا، ایران کا سخت انتباہ

کسی بھی نئی جارحیت کا مختلف انداز میں جواب دیا جائے گا، میزائل اور ڈرون پہلے سے زیادہ جدید اور طاقتور ہوچکے ہیں، ایرانی مسلح افواج کے ترجمان کا دعویٰ

تہران: ایران نے کسی بھی ممکنہ نئی فوجی کارروائی کے جواب میں جدید دفاعی ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ دشمن کیلئے ایسے سرپرائز تیار کیے گئے ہیں جن کی تفصیلات فی الحال ظاہر نہیں کی جاسکتیں۔

ایرانی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شکارچی نے سرکاری میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ملک کی دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور ایرانی افواج ماضی کے مقابلے میں زیادہ مضبوط پوزیشن میں ہیں۔

ان کے مطابق ایران نے اپنی فوجی حکمت عملی میں مقامی سطح پر تیار کی جانے والی دفاعی ٹیکنالوجی اور غیر متناسب جنگی صلاحیتوں پر خصوصی توجہ دی ہے، جس کا مقصد مہنگے اور بھاری ہتھیاروں کا مقابلہ نسبتاً کم لاگت مگر مؤثر دفاعی نظام کے ذریعے کرنا ہے۔

ایرانی فوجی ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ملک کے میزائل اور ڈرون نظام بھی پہلے کے مقابلے میں زیادہ جدید اور طاقتور بنائے جاچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی نئی جارحیت کی صورت میں ایران نئی فوجی ٹیکنالوجی کے ذریعے جواب دینے کیلئے تیار ہے۔

انہوں نے ممکنہ طور پر استعمال ہونے والی نئی ٹیکنالوجی یا ہتھیاروں کی نوعیت ظاہر نہیں کی، تاہم کہا کہ ایران نے دشمن کیلئے بعض ایسے سرپرائز تیار کررکھے ہیں جو ضرورت پڑنے پر سامنے لائے جائیں گے۔

یہ بیان ایسے وقت سامنے آیا ہے جب خطے میں ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی برقرار ہے اور کسی نئی فوجی محاذ آرائی کے خدشات بھی موجود ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More