لورالائی تبلیغی اجتماع اختتام پذیر، ہزاروں افراد کی آہوں اور سسکیوں میں دعا
امت مسلمہ کے اتحاد، ملک و قوم کی سلامتی اور انسانیت کی ہدایت کیلئے خصوصی دعائیں، اختتام پر سینکڑوں تبلیغی جماعتیں اندرون و بیرون ملک روانہ
لورالائی: لورالائی میں منعقد ہونے والا عظیم الشان تبلیغی اجتماع ہزاروں فرزندانِ اسلام کی شرکت اور آہوں، سسکیوں اور رقت انگیز دعاؤں کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔ اجتماع میں بلوچستان سمیت مختلف علاقوں سے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
اجتماع کی مختلف نشستوں سے خطاب کرتے ہوئے علماء کرام نے دین اسلام کی تعلیمات، اصلاحِ اعمال اور سنتِ نبوی ﷺ کے مطابق زندگی گزارنے کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔
علماء کرام نے کہا کہ اللہ رب العزت نے انسانیت کی حقیقی کامیابی دین اسلام میں رکھی ہے اور اللہ تعالیٰ کے احکامات اور نبی کریم ﷺ کے مبارک طریقوں کے مطابق زندگی گزارنے میں ہی دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔
مقررین نے کہا کہ دنیا عارضی اور فانی جبکہ آخرت ہمیشہ رہنے والی زندگی ہے، اس لیے انسان کو اللہ تعالیٰ کی رضا، عبادات، نیک اعمال اور سنتِ نبوی ﷺ کے مطابق اپنی زندگی گزارنے کی کوشش کرنی چاہیے۔
اجتماع کے اختتام پر روح پرور اجتماعی دعا کی گئی جس میں امت مسلمہ کی ہدایت و استقامت، اتحاد و اتفاق، دین کی سربلندی، پاکستان کی سلامتی اور پوری انسانیت کی ہدایت کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ اس موقع پر اجتماع میں رقت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے اور ہزاروں شرکاء دعا میں شریک ہوئے۔
اختتامی دعا کے بعد سینکڑوں تبلیغی جماعتیں دین کی دعوت و تبلیغ کیلئے ملک کے مختلف علاقوں کے ساتھ بیرون ملک بھی روانہ ہوگئیں۔