ایران تنازع کے خاتمے کیلئے پاکستان متحرک، شہباز شریف کی ایرانی صدر سے اہم ملاقات
نیویارک میں دونوں رہنماؤں کی ملاقات، پاک ایران تعلقات مزید مضبوط بنانے، کشیدگی کم کرنے اور علاقائی امن کیلئے سفارتی کوششیں جاری رکھنے پر زور
نیویارک: وزیراعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے ملاقات میں پاکستان اور ایران کے تعلقات مزید مضبوط بنانے اور خطے میں امن و استحکام کیلئے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
دونوں رہنماؤں کی ملاقات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس کے موقع پر نیویارک میں ہوئی، جس میں پاک ایران دوطرفہ تعلقات کے ساتھ خطے کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے خطے میں جاری تنازع پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کشیدگی کم کرنے کیلئے تحمل اور مسلسل سفارتی رابطوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت کے تحت طے پانے والی مفاہمت پر عملدرآمد جاری رکھنے کی اہمیت بھی اجاگر کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایران، اس کے ہمسایہ ممالک اور امریکا کے درمیان مخلصانہ اور دیانت دارانہ ثالثی کا کردار ادا کررہا ہے اور کشیدگی میں مزید اضافے کو روکنے کیلئے کوششیں جاری رکھے گا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے علاقائی امن و سلامتی کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے دونوں ممالک کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور باہمی تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے جبکہ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی شرکت کی۔