وفاقی آئینی عدالت میں اسٹاپ واچ لگ گئی؟ دلچسپ وجہ سامنے آگئی
چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت امین الدین خان کا مقدمات کے جلد فیصلوں کیلئے نیا اقدام، مقررہ وقت ختم ہوتے ہی اسٹاپ واچ بیپ بجا کر وکیل کو خبردار کرے گی
اسلام آباد: وفاقی آئینی عدالت میں مقدمات کی سماعت کو تیز اور عدالتی وقت کے مؤثر استعمال کیلئے وکلا کے دلائل کا وقت مقرر کردیا گیا ہے، جس کیلئے کمرہ عدالت میں اسٹاپ واچ نصب کردی گئی ہے۔
چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان کی ہدایت پر متعارف کرائے گئے نئے طریقہ کار کے تحت ہر وکیل کو اپنے دلائل پیش کرنے کیلئے ابتدائی طور پر 10 منٹ دیے جائیں گے۔
مقررہ دس منٹ مکمل ہوتے ہی اسٹاپ واچ بیپ بجانا شروع کردے گی، جس سے وکیل کو مختص وقت ختم ہونے کا اشارہ ملے گا۔
عدالتی ذرائع کے مطابق اس اقدام کا مقصد سماعت کو زیادہ منظم بنانا، عدالتی وقت کا بہتر استعمال کرنا اور مقدمات کے فیصلوں میں تیزی لانا ہے۔ اہم یا پیچیدہ مقدمے میں عدالت ضرورت کے مطابق دلائل کیلئے مزید وقت بھی دے سکتی ہے۔