امریکا ایران مذاکرات کی خبر آتے ہی عالمی منڈی میں تیل سستا ہوگیا
نیویارک میں تین گھنٹے طویل بات چیت کو ٹرمپ نے ’بہت اچھی‘ قرار دیا، برینٹ اور امریکی خام تیل کی قیمتیں 100 ڈالر فی بیرل سے نیچے آگئیں
نیویارک: امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی رابطوں میں پیش رفت کی اطلاعات کا عالمی منڈی پر فوری اثر دیکھنے میں آیا اور بدھ کو خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی۔
ایشیائی کاروبار کے ابتدائی اوقات میں عالمی معیار کے برینٹ خام تیل کی قیمت کم ہوکر 98.91 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ 89.93 ڈالر فی بیرل پر آگیا۔ دونوں قیمتیں 100 ڈالر فی بیرل کی سطح سے نیچے آگئیں۔
قیمتوں میں کمی ایسے وقت میں سامنے آئی جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ ہونے والی بات چیت کو مثبت قرار دیتے ہوئے مستقبل قریب میں مزید مذاکرات کا عندیہ دیا۔
ٹرمپ نے نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر امریکی اور ایرانی فریق کے درمیان تقریباً تین گھنٹے بات چیت ہوئی۔ انہوں نے مذاکرات کو ’’بہت اچھا‘‘ اور نتیجہ خیز قرار دیتے ہوئے ایران کے ساتھ کسی معاہدے کی جانب پیش رفت کی امید ظاہر کی۔
امریکا اور ایران کے درمیان سفارتی رابطوں سے مارکیٹ میں یہ توقع بڑھی ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی میں کمی آسکتی ہے، جس سے مشرق وسطیٰ سے تیل کی عالمی سپلائی متاثر ہونے کے خدشات بھی کم ہوئے۔
عالمی تیل مارکیٹ حالیہ دنوں میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال، آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل اور امریکا ایران تعلقات میں ہونے والی پیش رفت پر تیزی سے ردعمل دے رہی ہے۔