قومی بچت اسکیموں پر منافع کم، ایک لاکھ پر اب کتنی رقم ملے گی؟
حکومت نے ڈیفنس اور بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس کے نئے ریٹس جاری کردیے، بہبود اسکیم پر سالانہ منافع 12.60 فیصد مقرر
اسلام آباد: وفاقی حکومت نے قومی بچت کی اہم اسکیموں کے منافع میں کمی کرتے ہوئے ڈیفنس سیونگز اور بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس کیلئے ستمبر 2026 کے نئے ریٹس جاری کردیے ہیں۔
نئے ریٹس کے مطابق ڈیفنس سیونگز سرٹیفکیٹس کی مدت 10 سال ہے۔ ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پہلے سال کے اختتام پر ایک لاکھ 10 ہزار، دوسرے سال ایک لاکھ 21 ہزار، تیسرے سال ایک لاکھ 33 ہزار، چوتھے سال ایک لاکھ 47 ہزار اور پانچویں سال ایک لاکھ 63 ہزار روپے ہوجائے گی۔
چھٹے سال یہ رقم ایک لاکھ 82 ہزار، ساتویں سال 2 لاکھ 4 ہزار، آٹھویں سال 2 لاکھ 30 ہزار جبکہ نویں سال 2 لاکھ 62 ہزار روپے تک پہنچے گی۔ 10 سال مکمل ہونے پر ایک لاکھ روپے کی ابتدائی سرمایہ کاری کی میچورٹی رقم 3 لاکھ روپے ہوگی۔
بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس کے منافع میں بھی کمی کی گئی ہے۔ نئی شرح کے مطابق ایک لاکھ روپے کی سرمایہ کاری پر ماہانہ ایک ہزار 50 روپے منافع دیا جائے گا، جو سالانہ 12.60 فیصد بنتا ہے۔
بہبود سیونگز سرٹیفکیٹس بنیادی طور پر اہل بزرگ شہریوں، بیواؤں اور دیگر مقررہ اہل افراد کیلئے قومی بچت کی خصوصی اسکیم ہے۔