پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر بلند ترین سطح پر پہنچ گئے
یورو بانڈ کی رقم موصول ہونے سے سرکاری ذخائر میں 3 ارب ڈالر سے زائد اضافہ، مجموعی زرمبادلہ ذخائر 26.79 ارب ڈالر ہوگئے
کراچی: پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے اور ملک کے مجموعی ذخائر بڑھ کر 26 ارب 79 کروڑ ڈالر سے تجاوز کرگئے ہیں۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جاری کردہ تازہ اعداد و شمار کے مطابق 11 ستمبر کو ختم ہونے والے ہفتے میں مرکزی بینک کے زرمبادلہ ذخائر میں 3 ارب 6 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کا اضافہ ہوا، جس کے بعد سرکاری ذخائر 21 ارب 38 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئے۔
ذخائر میں اس نمایاں اضافے کی بڑی وجہ پاکستان کے یورو بانڈ سے حاصل ہونے والی رقوم کی وصولی بتائی گئی ہے، جو زیر جائزہ ہفتے کے دوران اسٹیٹ بینک کے ذخائر میں شامل ہوئیں۔
دوسری جانب کمرشل بینکوں کے پاس موجود زرمبادلہ ذخائر 5 ارب 40 کروڑ 22 لاکھ ڈالر ریکارڈ کیے گئے۔
تازہ اضافے کے بعد اسٹیٹ بینک اور کمرشل بینکوں کو ملا کر پاکستان کے مجموعی لیکویڈ زرمبادلہ ذخائر 26 ارب 79 کروڑ 12 لاکھ ڈالر کی سطح پر پہنچ گئے ہیں۔