10 روپے کا نوٹ بند ہونے والا ہے؟ اسٹیٹ بینک نے حقیقت بتادی
10 روپے کے نوٹ کی بندش اور تبدیلی کی آخری تاریخ سے متعلق سوشل میڈیا رپورٹس بے بنیاد قرار، کسی بھی مالیت کا کرنسی نوٹ بند کرنے کا فیصلہ نہیں ہوا
کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 10 روپے مالیت کے بینک نوٹ کی مبینہ بندش اور اسے تبدیل کرانے کی آخری تاریخ سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی خبروں کی واضح تردید کرتے ہوئے انہیں بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق اس وقت 10 روپے سمیت کسی بھی مالیت کے کرنسی نوٹ کو بند کرنے یا اسے تبدیل کرانے کے لیے کوئی آخری تاریخ مقرر نہیں کی گئی۔
مرکزی بینک نے وضاحت کی کہ نئے بینک نوٹوں کی سیریز متعارف کرانے کی تجویز وفاقی کابینہ کے زیر غور ہے، تاہم اس حوالے سے غور کا عمل ابھی جاری ہے اور کسی موجودہ کرنسی نوٹ کو واپس لینے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
اسٹیٹ بینک کا کہنا ہے کہ مستقبل میں کسی بھی مالیت کے بینک نوٹ سے متعلق کوئی فیصلہ کیا گیا تو عوام کو سرکاری ذرائع کے ذریعے باقاعدہ آگاہ کیا جائے گا۔ کسی نوٹ کو بند کرنے کی صورت میں شہریوں کو اسے تبدیل کرانے کے لیے مناسب وقت بھی فراہم کیا جائے گا۔
مرکزی بینک نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ کرنسی نوٹوں سے متعلق سوشل میڈیا پر پھیلنے والی غیر مصدقہ معلومات پر اعتماد کرنے کے بجائے صرف اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ اطلاعات کو مستند سمجھیں۔