لندن: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے حالیہ برسوں میں معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے بھرپور محنت کی اور اگر خلیجی بحران پیدا نہ ہوتا تو ملک دیگر ابھرتی ہوئی معیشتوں کی طرح بہت آگے جاچکا ہوتا۔
وزیراعظم نے لندن اسٹاک ایکسچینج کا دورہ کیا اور مارکیٹ اوپننگ تقریب میں شرکت کی، جہاں انہوں نے پاکستان کے 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈز کی لسٹنگ کی رونمائی بھی کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے میکرو اکنامک اشاریے مسلسل بہتری کی جانب گامزن ہیں اور حکومت نے معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے گزشتہ برسوں میں نمایاں کوششیں کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خلیج میں پیدا ہونے والے بحران نے معاشی پیش رفت کو متاثر کیا، تاہم پاکستان خطے میں امن کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق لندن اسٹاک ایکسچینج کی مارکیٹ اوپننگ تقریب میں وزیراعظم کی شرکت پاکستان اور لندن کے اہم مالیاتی اداروں کے درمیان بڑھتے روابط کی عکاسی کرتی ہے۔
شہباز شریف پاکستان کے پہلے وزیراعظم ہیں جنہیں لندن اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈنگ اوپننگ کا اعزاز حاصل ہوا۔ عالمی مالیاتی اداروں کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتوں کے بعد وزیراعظم وطن روانہ ہوگئے۔