آئی فون 17 کی قیمتوں میں بڑا ردوبدل، کہیں مہنگا کہیں سستا
دنیا کے مختلف ممالک میں ریٹیلرز نے آئی فون 17 سیریز سستی کردی، دوسری جانب ایپل نے بیس ماڈل کی قیمت بڑھا دی
ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کی آئی فون 17 سیریز کی قیمتوں میں عالمی سطح پر دلچسپ صورتحال سامنے آئی ہے۔ مختلف ممالک میں ریٹیلرز پرانے اسٹاک کو ختم کرنے کے لیے رعایتیں دے رہے ہیں، جبکہ ایپل نے اپنے بیس آئی فون 17 کی قیمت میں 100 ڈالر اضافہ کردیا ہے۔
آئی فون 17 پرو اور پرو میکس کی پیداوار بند ہونے کے بعد مارکیٹ میں موجود باقی اسٹاک کو فروخت کرنے کے لیے متعدد ریٹیلرز نے قیمتیں کم کردی ہیں، جس کے باعث ان ماڈلز کو نسبتاً کم قیمت پر خریدنے کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔
آسٹریلیا میں بیس آئی فون 17 کی قیمت 1499 آسٹریلوی ڈالر سے کم کرکے 1399 ڈالر کردی گئی ہے، جبکہ جرمنی میں آئی فون 17 پرو میکس کا 256 جی بی ماڈل 1449 یورو کی ابتدائی قیمت کے مقابلے میں 1329 یورو میں دستیاب ہے۔
برطانیہ میں بھی آئی فون 17 پرو اور پرو میکس ایپل کی آفیشل قیمت کے مقابلے میں 100 پاؤنڈ کم پر فروخت کیے جارہے ہیں، جبکہ آئی فون ایئر کے 512 جی بی ماڈل پر بھی نمایاں رعایت دی جارہی ہے۔
دوسری جانب ایپل نے آئی فون 18 پرو کے اعلان کے بعد اپنے اسٹورز پر بیس آئی فون 17 کی قیمت میں 100 ڈالر اضافہ کیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق میموری اور دیگر پرزوں کی بڑھتی لاگت اس فیصلے کی اہم وجہ قرار دی جارہی ہے۔
ٹیکنالوجی مارکیٹ میں بڑھتی پیداواری لاگت کا اثر صرف ایپل تک محدود نہیں، دیگر بڑی اسمارٹ فون کمپنیاں بھی حالیہ عرصے میں اپنے نئے ماڈلز کی قیمتوں میں اضافہ کرچکی ہیں۔