کوئٹہ کا نقشہ بدلنے کی تیاری، ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر برداشت نہیں ہوگی: سرفراز بگٹی
کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کی پیش رفت کا جائزہ، سڑکوں، گرین بیلٹس، پارکس، نکاسی آب اور شہری سہولیات کی بہتری پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ کوئٹہ بلوچستان کا چہرہ اور صوبے کی شناخت ہے، اس لیے صوبائی دارالحکومت کی خوبصورتی، بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی حکومت کی اہم ذمہ داری ہے۔
کوئٹہ ڈویلپمنٹ پیکج کی پیش رفت سے متعلق جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ پیکج کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی اور متعلقہ ادارے منصوبوں کی تکمیل کیلئے مؤثر انداز میں کام کریں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ کوئٹہ میں سڑکوں، گرین بیلٹس، پارکس، نکاسی آب اور دیگر بنیادی شہری سہولیات کی بہتری پر خصوصی توجہ دی جائے تاکہ شہریوں کو بہتر اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جاسکے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق کوئٹہ آنے والے ملکی اور غیر ملکی مہمانوں کو شہر سے بلوچستان کی ترقی، ثقافت اور خوبصورتی کا مثبت تاثر ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ کوئٹہ محض صوبائی دارالحکومت نہیں بلکہ پورے بلوچستان کی شناخت ہے، اس لیے شہر کی ترقی، خوبصورتی اور بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے۔