بلوچستان کی طالبات میں بے پناہ صلاحیتیں ہیں، مواقع دینا ہماری ترجیح ہے: راحیلہ درانی
صوبائی وزیر تعلیم کا گرلز ڈگری کالج کواری روڈ میں سائنس و آرٹس نمائش کا دورہ، طالبات کے سائنسی ماڈلز اور تخلیقی منصوبوں کی تعریف
کوئٹہ: صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی طالبات میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں اور انہیں اپنی قابلیت کے اظہار کیلئے بہتر تعلیمی مواقع اور سازگار ماحول فراہم کرنا صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
صوبائی وزیر تعلیم نے گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کواری روڈ کوئٹہ میں منعقدہ سائنس و آرٹس نمائش کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طالبات کی جانب سے تیار کیے گئے سائنسی ماڈلز، تجرباتی منصوبوں اور تخلیقی کام کا جائزہ لیا اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر کالجز پروفیسر محمد حسین بخش بلوچ، جوائنٹ ڈائریکٹر کالجز سعیدہ نیاز اور ایجوکیشن اسپیشلسٹ سعدیہ فاروقی بھی موجود تھیں، جبکہ کالج آمد پر پرنسپل پروفیسر فرخ بشیر نے فیکلٹی ممبران کے ہمراہ صوبائی وزیر کا استقبال کیا۔
شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے راحیلہ حمید خان درانی نے کہا کہ سائنس اور آرٹس جیسی سرگرمیاں طالبات میں تخلیقی صلاحیتوں، سائنسی و تحقیقی سوچ اور خود اعتمادی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسی سرگرمیوں کے ذریعے طالبات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے ساتھ تحقیق، تخلیق اور عملی تجربات کی جانب راغب کیا جاسکتا ہے۔ نمائش میں پیش کیے گئے سائنسی ماڈلز اور دیگر منصوبے طالبات کی محنت اور قابلیت کی عکاسی کرتے ہیں۔
صوبائی وزیر تعلیم کے مطابق محکمہ تعلیم بلوچستان میں تعلیمی معیار بہتر بنانے، طالبات کو معیاری تعلیم فراہم کرنے اور تعلیمی اداروں میں مثبت و تعمیری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اقدامات جاری رکھے گا۔
انہوں نے کامیاب نمائش کے انعقاد پر کالج انتظامیہ، اساتذہ اور طالبات کو مبارکباد بھی دی۔
پرنسپل پروفیسر فرخ بشیر نے کہا کہ نمائش کا مقصد طالبات کو اپنی علمی، سائنسی اور تخلیقی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنے کے ساتھ انہیں تحقیق، تجربات اور عملی سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔