بلوچستان میں پہلی میٹرو ٹرین، وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی اور وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے نئے دور کا آغاز قرار دے دیا
وفاقی وزیر ریلویز کی وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات، جناح میٹرو ٹرین سروس کو جدید، محفوظ اور بااعتماد عوامی سفری سہولت کی جانب اہم قدم قرار دیا گیا
کوئٹہ: وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی نے چیف منسٹر سیکرٹریٹ کوئٹہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے ملاقات کی، جس میں بلوچستان میں پہلی میٹرو ٹرین سروس کے آغاز سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ بلوچستان اور وفاقی وزیر ریلویز نے صوبے میں پہلی میٹرو ٹرین سروس کے آغاز پر مسرت کا اظہار کیا۔
حنیف عباسی نے جناح میٹرو ٹرین سروس کے آغاز پر وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میٹرو ٹرین سروس شروع کرنے کے حوالے سے ملک کے دیگر صوبوں سے سبقت لے گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے منصوبے کیلئے صوبائی حکومت کے عزم کو سراہتے ہوئے اسے عوام کو بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا۔
وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے منصوبے کی تکمیل میں تعاون پر وزارت ریلویز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جناح میٹرو ٹرین سروس بلوچستان میں جدید اور بااعتماد سفری سہولیات کے نئے دور کا آغاز ہے۔
انہوں نے کہا کہ صوبے میں عوامی سفری سہولیات کے فروغ کا ایک اہم منصوبہ مکمل ہوگیا ہے اور جناح میٹرو ٹرین سروس سے شہریوں کو جدید، محفوظ اور قابلِ اعتماد سفری سہولت میسر آئے گی۔