عالمی یومِ خبر: افواہوں کے دور میں سچی خبر سب سے بڑی ذمہ داری، ڈی جی پی آر بلوچستان عسکر خان
عالمی یومِ خبر پر ڈی جی پی آر بلوچستان کا پیغام، کسی بھی اطلاع کو آگے بڑھانے سے قبل ماخذ اور حقائق کی تصدیق ضروری، ذمہ دارانہ صحافت عوامی اعتماد کی بنیاد ہے
کوئٹہ: ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز بلوچستان عسکر خان نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا کے تیز رفتار دور میں غیر مصدقہ اطلاعات، افواہوں اور گمراہ کن مواد کے بڑھتے پھیلاؤ کے باعث مستند اور ذمہ دارانہ صحافت کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔
عالمی یومِ خبر کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ عوام تک درست، مستند اور بروقت معلومات پہنچانا صحافت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ کسی بھی اطلاع کو آگے بڑھانے سے پہلے اس کے ماخذ اور صداقت کی جانچ ناگزیر ہے۔
عسکر خان کے مطابق حساس اور عوامی اہمیت کی حامل معلومات کے حوالے سے متعلقہ سرکاری اداروں اور مجاز ذرائع سے تصدیق کو اہمیت دی جانی چاہیے، جبکہ خبر کی مکمل تصویر سامنے لانے کیلئے صحافتی تحقیق اور دیگر قابلِ اعتماد ذرائع سے بھی حقائق کی جانچ ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان مستند اور بروقت معلومات کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے جبکہ محکمہ تعلقات عامہ سرکاری اداروں اور میڈیا کے درمیان مؤثر رابطے کے ذریعے مصدقہ معلومات عوام تک پہنچانے کیلئے اپنا کردار ادا کررہا ہے۔
ڈی جی پی آر بلوچستان نے کہا کہ غلط معلومات اور گمراہ کن پروپیگنڈے کا مؤثر مقابلہ حقائق پر مبنی اطلاعات اور بہتر ابلاغ کے ذریعے کیا جاسکتا ہے۔ درست معلومات کی بروقت فراہمی نہ صرف افواہوں اور غلط فہمیوں کو کم کرتی ہے بلکہ عوام اور اداروں کے درمیان اعتماد کو بھی مضبوط بناتی ہے۔
عسکر خان نے بلوچستان کے صحافیوں کو مشکل حالات میں پیشہ ورانہ ذمہ داریاں نبھانے پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ کیلئے میڈیا، سرکاری اداروں اور معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔