Tameerewatan
tameerewatan

نورستان جھڑپوں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں، پاکستان نے افغان طالبان کے الزامات مسترد کردیے

پاکستانی فورسز یا انٹیلی جنس اداروں کے ملوث ہونے کا کوئی قابلِ تصدیق ثبوت پیش نہیں کیا گیا، افغان حکومت داخلی سلامتی کے مسائل کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرانے کے بجائے دہشت گرد گروہوں کیخلاف کارروائی کرے، وزارتِ اطلاعات

اسلام آباد: پاکستان نے افغانستان کے صوبہ نورستان میں ہونے والی جھڑپوں سے تعلق کے افغان طالبان حکومت کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی سیکیورٹی فورسز یا انٹیلی جنس اداروں کا ان واقعات سے کوئی تعلق نہیں۔

وزارتِ اطلاعات و نشریات کے مطابق نورستان میں ہونے والی اندرونی جھڑپوں میں پاکستان کے ملوث ہونے کے دعووں کے حق میں کوئی قابلِ تصدیق ثبوت فراہم نہیں کیا گیا۔ وزارت نے سابق افغان اہلکاروں کی مبینہ بھرتی یا تربیت اور داعش سمیت کسی دہشت گرد تنظیم کی سہولت کاری کے الزامات کو بھی مسترد کردیا۔

وزارتِ اطلاعات کا کہنا تھا کہ الزامات کی تائید کیلئے نہ شناختی تفصیلات، دستاویزات، مواصلاتی ریکارڈ یا فرانزک شواہد فراہم کیے گئے اور نہ ہی سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی مبینہ ویڈیو پاکستان سے کسی تعلق کو ثابت کرتی ہے۔

پاکستانی حکام نے اپنے مؤقف میں کہا کہ افغانستان میں سرگرم دہشت گرد تنظیمیں پاکستان سمیت پورے خطے کی سلامتی کیلئے خطرہ ہیں۔ افغان طالبان حکومت کو داخلی سلامتی کے مسائل کی ذمہ داری پاکستان پر ڈالنے کے بجائے اپنی سرزمین پر موجود دہشت گرد گروہوں کے خلاف قابلِ تصدیق اقدامات کرنے چاہئیں۔

پاکستان نے افغان حکومت سے یہ بھی مطالبہ کیا کہ وہ افغان سرزمین کو پاکستان یا کسی دوسرے ملک کے خلاف دہشت گردی کیلئے استعمال نہ ہونے دینے سے متعلق اپنے وعدوں پر عمل کرے۔

دوسری جانب افغان وزارتِ دفاع نے دعویٰ کیا تھا کہ صوبہ نورستان میں پاکستان کی سرحد کی جانب سے داخل ہونے والے ایک مسلح گروہ کے خلاف کارروائی میں 28 جنگجو ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے۔ افغان حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں داعش کے ارکان اور سابق افغان حکومت کے اہلکار بھی شامل تھے۔ پاکستان نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دے کر مسترد کردیا ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More