Tameerewatan
tameerewatan

ہر گردش کرنے والی اطلاع خبر نہیں، حقائق کی تصدیق ناگزیر ہے: سرفراز بگٹی

عالمی یومِ خبر پر وزیراعلیٰ بلوچستان کا پیغام، سوشل میڈیا کے دور میں جعلی خبروں اور افواہوں کا پھیلاؤ بڑا چیلنج، آزادیٔ صحافت کے ساتھ ذمہ دارانہ صحافت بھی ضروری ہے

 

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ خبر کی بنیادی روح صداقت، سچائی اور حقائق کی درست ترجمانی ہے، جبکہ سوشل میڈیا اور تیز رفتار اطلاعات کے موجودہ دور میں صحافت کی ذمہ داری پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔

عالمی یومِ خبر کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج معلومات چند لمحوں میں دنیا بھر تک پہنچ جاتی ہیں، تاہم ہر گردش کرنے والی اطلاع کو خبر قرار نہیں دیا جاسکتا۔ صحافیوں اور میڈیا اداروں کی ذمہ داری ہے کہ کسی بھی خبر کو نشر یا شائع کرنے سے پہلے اس کے حقائق کی مکمل تصدیق کریں۔

انہوں نے کہا کہ صحافت کا بنیادی مقصد عوام کو درست، بروقت اور قابلِ اعتماد معلومات فراہم کرنا ہے۔ خبر میں معمولی غلطی بھی عوامی رائے، اداروں کی ساکھ اور معاشرتی اعتماد کو متاثر کرسکتی ہے، اس لیے تحقیق اور تصدیق کو صحافت کا بنیادی اصول بنایا جانا چاہیے۔

میر سرفراز بگٹی کے مطابق سوشل میڈیا نے معلومات تک رسائی آسان بنائی ہے لیکن اس کے ساتھ جعلی خبروں، افواہوں اور گمراہ کن معلومات کے پھیلاؤ کے امکانات بھی بڑھے ہیں۔ ایسے حالات میں پیشہ ورانہ صحافت مستند ذرائع اور حقائق کی تصدیق کے ذریعے اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔

وزیراعلیٰ نے آزادیٔ صحافت کو جمہوری معاشرے کی بنیادی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو پیشہ ورانہ ذمہ داریاں ادا کرنے کیلئے سازگار ماحول میسر ہونا چاہیے، تاہم آزادیٔ اظہار کے ساتھ ذمہ دارانہ صحافت بھی لازم و ملزوم ہے۔

انہوں نے بلوچستان کے صحافیوں کو مشکل حالات میں پیشہ ورانہ فرائض کی انجام دہی پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت صحافیوں اور میڈیا کے مسائل کے حل، پیشہ ورانہ آزادی اور مثبت صحافتی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔

وزیراعلیٰ نے عالمی یومِ خبر پر صحافیوں، مدیران، کیمرہ مینوں، فوٹو جرنلسٹس اور دیگر میڈیا ورکرز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ درست خبر معاشرے میں شعور، اعتماد اور ذمہ دارانہ رائے عامہ کی تشکیل میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More