Tameerewatan
tameerewatan

چچا کی جائیداد میں بھتیجوں کا کتنا حق؟ آئینی عدالت کا اہم فیصلہ

پہلے فوت ہونے والے بھائی کے بچوں کو نمائندگی کے اصول کے تحت چچا کی جائیداد میں حصہ نہیں ملے گا، مسلم فیملی لاز آرڈیننس کی دفعہ 4 صرف پہلے فوت ہونے والے بیٹے یا بیٹی کی اولاد تک محدود ہے، عدالت

اسلام آباد: آئینی عدالت نے وراثتی جائیداد سے متعلق اہم فیصلہ سناتے ہوئے قرار دیا ہے کہ پہلے فوت ہونے والے بھائی کے بچوں کو نمائندگی کے اصول کے تحت اپنے چچا کی جائیداد میں وراثتی حق حاصل نہیں ہوتا۔

عدالت نے واضح کیا کہ مسلم فیملی لاز آرڈیننس 1961 کی دفعہ 4 کا اطلاق پہلے فوت ہونے والے بیٹے یا بیٹی کی اولاد تک محدود ہے اور اس قانونی رعایت کو پہلے فوت ہونے والے بھائی کے بچوں تک توسیع نہیں دی جاسکتی۔

فیصلے میں کہا گیا کہ حنفی قانونِ وراثت کے تحت ورثا کی قانونی درجہ بندی بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ صرف خونی رشتہ کسی شخص کو لازماً وراثت کا حق دار نہیں بناتا بلکہ یہ بھی دیکھا جاتا ہے کہ متعلقہ رشتہ دار کی قانونی حیثیت کیا ہے اور موجودہ شرعی وارثوں کی موجودگی میں اسے حصہ ملتا ہے یا نہیں۔

عدالت کے مطابق مسلم فیملی لاز آرڈیننس کی دفعہ 4 عام قانونِ وراثت سے ایک مخصوص قانونی استثنا فراہم کرتی ہے، جس کے تحت پہلے فوت ہونے والے بیٹے یا بیٹی کی اولاد کو ان کے والد یا والدہ کا متوقع حصہ مل سکتا ہے، تاہم اس کا دائرہ قیاس یا مشابہت کی بنیاد پر پہلے فوت ہونے والے بھائی کی اولاد تک نہیں بڑھایا جاسکتا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ اگر کوئی بھائی اصل متوفی سے پہلے وفات پا چکا ہو تو وہ خود اس کے ترکے کا وارث نہیں بنتا، اس لیے اس کی اولاد بھی نمائندگی کے اصول کے تحت اپنے والد کا حصہ حاصل نہیں کرسکتی۔

مقدمے میں درخواست گزار مرحوم کے پہلے فوت ہونے والے بھائی کے بیٹے تھے، جنہوں نے دفعہ 4 کے تحت اپنے چچا کے ترکے میں وراثتی حق کا دعویٰ کیا تھا، تاہم عدالت نے ان کا مؤقف تسلیم نہیں کیا۔

آئینی عدالت نے مقدمے کو میرٹ اور قانونی مدت دونوں بنیادوں پر درخواست گزاروں کے خلاف قرار دیتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کا 18 مارچ 2026 کا فیصلہ برقرار رکھا۔ عدالت کے مطابق درخواست گزار ایسی کوئی قانونی، دائرہ اختیار سے متعلق یا شواہد کی سنگین غلطی ثابت نہیں کرسکے جس کی بنیاد پر سابقہ فیصلہ تبدیل کیا جاتا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More