خط اور پارسل بھیجنے والوں کیلئے اہم خبر، پاکستان پوسٹ نے بڑا فیصلہ کرلیا
یکم اکتوبر سے اندرونِ ملک ڈاک کے نئے نرخ نافذ ہوں گے، عام خط، رجسٹرڈ ڈاک، پارسل اور ارجنٹ میل سمیت مختلف سروسز کے چارجز تبدیل
اسلام آباد: پاکستان پوسٹ نے اندرونِ ملک ڈاک کی مختلف سروسز کے نرخوں پر نظرثانی کرتے ہوئے نئے ٹیرف کی منظوری دے دی ہے، جو یکم اکتوبر 2026 سے نافذ ہوگا۔
نئے نرخوں کے تحت عام خط کی ترسیل کیلئے 20 گرام تک 40 روپے، 50 گرام تک 80 روپے، 100 گرام تک 100 روپے، 250 گرام تک 140 روپے، 500 گرام تک 170 روپے، ایک کلوگرام تک 250 روپے، ڈیڑھ کلوگرام تک 320 روپے جبکہ 2 کلوگرام تک 400 روپے وصول کیے جائیں گے۔
رجسٹرڈ خط کی رجسٹریشن فیس 40 روپے مقرر کی گئی ہے، جس کے بعد 20 گرام تک رجسٹرڈ خط کی مجموعی فیس 80 روپے سے شروع ہوکر 2 کلوگرام تک 440 روپے ہوگی۔ ویلیو پی ایبل لیٹر کیلئے مقررہ ڈاک اور رجسٹریشن فیس کے علاوہ 20 روپے اضافی فیس بھی وصول کی جائے گی۔
رجسٹرڈ پارسل کی رجسٹریشن فیس 80 روپے مقرر کی گئی ہے۔ نئے ٹیرف کے مطابق ایک کلوگرام تک پارسل 260 روپے، 3 کلوگرام تک 400 روپے، 5 کلوگرام تک 540 روپے، 10 کلوگرام تک 760 روپے جبکہ 30 کلوگرام تک پارسل 1660 روپے میں بھیجا جاسکے گا۔ 30 کلوگرام سے زائد وزن پر فی کلوگرام 30 روپے اضافی وصول کیے جائیں گے۔
ویلیو پی ایبل پارسل کیلئے بھی 20 روپے اضافی فیس مقرر کی گئی ہے جبکہ مختلف وزن کے حساب سے مجموعی نرخ 280 روپے سے 1680 روپے تک ہوں گے۔
پاکستان پوسٹ نے مطبوعہ کاغذات، تعلیمی و درسی کتب اور چھوٹے پیکٹوں کی ترسیل کے نرخوں میں بھی تبدیلی کی ہے۔ تاہم نابینا افراد کیلئے خصوصی لٹریچر کی 7 کلوگرام تک ترسیل بدستور مفت رہے گی۔
ارجنٹ میل سروس کے نرخ بھی تبدیل کیے گئے ہیں۔ مقامی یو ایم ایس کیلئے 250 گرام تک 100 روپے اور 500 گرام تک 130 روپے وصول کیے جائیں گے جبکہ ہر اضافی 500 گرام پر 50 روپے فیس ہوگی۔
ایک شہر سے دوسرے شہر یو ایم ایس کے تحت 250 گرام تک 170 روپے، 500 گرام تک 250 روپے جبکہ ہر اضافی 500 گرام کیلئے 100 روپے وصول کیے جائیں گے۔ یہ نرخ جی ایس ٹی سمیت نافذ ہوں گے۔
یو ایم ایس کیش آن ڈیلیوری سروس کے نرخوں میں بھی وزن اور مقامی یا بین الاضلاعی ترسیل کے حساب سے تبدیلی کی گئی ہے۔
نظرثانی شدہ نرخ پاکستان پوسٹل سروسز مینجمنٹ بورڈ کے اجلاس میں منظور کیے گئے تھے اور یکم اکتوبر سے ملک بھر میں نافذ ہوجائیں گے۔