Tameerewatan
tameerewatan

بلوچستان میں بجلی صارفین کی مشکلات، گورنر نے کیسکو کو اہم ہدایات دے دیں

غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ فوری ختم، مناسب وولٹیج کے ساتھ بلاتعطل بجلی فراہم کی جائے، اووربلنگ سے باقاعدہ بل ادا کرنے والے صارفین بھی شدید متاثر ہیں، جعفر مندوخیل

کوئٹہ: گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے صوبے میں بجلی کی فراہمی بہتر بنانے کیلئے کیسکو کو عملی اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ محض اعلانات کافی نہیں، اقدامات پر مسلسل عملدرآمد بھی یقینی بنانا ہوگا۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو انجینئر مرزا اعزاز بیگ کی بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے گورنر بلوچستان نے کہا کہ غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ فوری طور پر ختم کرکے صارفین کو مناسب وولٹیج کے ساتھ بلاتعطل بجلی فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ لوڈشیڈنگ، کم وولٹیج اور بالخصوص اووربلنگ کے باعث وہ صارفین بھی شدید مشکلات کا شکار ہیں جو باقاعدگی سے اپنے بجلی کے بل ادا کرتے ہیں، اس لیے ذمہ دار صارفین کو سہولت فراہم کرنا ضروری ہے۔

گورنر نے کیسکو حکام کو دفتری اور انتظامی نظام مزید مؤثر اور عوام دوست بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شکایات سیل 118 پر موصول ہونے والی صارفین کی شکایات کا فوری ازالہ کیا جائے اور شہریوں کے ساتھ شائستہ رویہ اختیار کیا جائے۔

جعفر خان مندوخیل نے بڑے سرکاری دفاتر میں دفتری اوقات کے دوران بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ ہسپتالوں، تعلیمی اداروں اور دیگر اہم عوامی مراکز کو ترجیح دینے پر بھی زور دیا۔

انہوں نے واپڈا اور متعلقہ اداروں کے واجبات کی ادائیگی پر توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ بجلی کے بل بروقت ادا کریں تاکہ بجلی کے نظام کو مستحکم اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنایا جاسکے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں
جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. Accept Read More