محسن نقوی کی ایرانی صدر سے اہم ملاقات، دوطرفہ تعاون بڑھانے پر اتفاق
تجارت، توانائی، سیاحت اور مشترکہ سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں پاک ایران تعاون کو مزید وسعت دینے پر زور
تہران: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ایران کے درمیان اقتصادی تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے پاکستان اور ایران کو خطے کے دو اہم ممالک قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ملک انسانی صلاحیتوں اور قدرتی وسائل سے مالامال ہیں اور باہمی تعاون کے ذریعے اپنی متعدد ضروریات پوری کرسکتے ہیں۔
ملاقات کے دوران تجارت، توانائی، سیاحت اور مشترکہ سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر خصوصی زور دیا گیا۔ ایرانی صدر کے مطابق قریبی اقتصادی روابط اور مشترکہ سرمایہ کاری سے تہران اور اسلام آباد کے تعلقات مزید مضبوط ہوسکتے ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ تعلقات اور تعاون کو مزید آگے بڑھانے کیلئے پُرعزم ہے۔ انہوں نے تجارت اور معیشت کے علاوہ سیاحت، سیاست، ثقافت اور سائنس کے شعبوں میں بھی باہمی روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔
دونوں جانب سے علاقائی وسائل اور دستیاب صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھانے اور باہمی تعاون کو مزید مؤثر بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔