مالی بدعنوانی کی شکایات پر نیب بلوچستان کی کھلی کچہری 24 ستمبر کو ہوگی
ڈی جی نیب بلوچستان شہریوں کی شکایات براہِ راست سنیں گے، گمنام اور فرضی درخواستوں پر کارروائی نہیں ہوگی
کوئٹہ: قومی احتساب بیورو (نیب) بلوچستان نے صوبے میں بڑی مالی بدعنوانیوں سے متعلق شکایات کے اندراج اور شہریوں کی براہِ راست شنوائی کیلئے 24 ستمبر 2026 بروز جمعرات کھلی کچہری منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے۔
نیب بلوچستان کے مطابق کھلی کچہری صبح 11 بجے سے دوپہر ایک بجے تک نیب بلوچستان کے دفتر واقع شاہراہ گلستان، کوئٹہ کینٹ میں ہوگی، جہاں ڈائریکٹر جنرل نیب بلوچستان شکایت کنندگان کو خود سنیں گے۔
شکایت درج کرانے والے افراد کو اپنی درخواست کے ساتھ نام و ولدیت، قومی شناختی کارڈ کی کاپی، مکمل پتہ، دستخط یا نشانِ انگوٹھا اور رابطہ نمبر فراہم کرنا ہوگا۔
نیب نے واضح کیا ہے کہ چیئرمین نیب کی ہدایات کے تحت گمنام یا فرضی شکایات پر کارروائی نہیں کی جائے گی۔ صرف نیب کے دائرۂ اختیار میں آنے والی مصدقہ شکایات پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، جبکہ کارروائی سے قبل شکایت کنندہ سے اسٹامپ پیپر پر بیانِ حلفی بھی لیا جائے گا۔
شہری اپنی شکایات بذریعہ ڈاک یا خود نیب بلوچستان کے شاہراہ گلستان، کوئٹہ کینٹ دفتر اور انسکمب روڈ پر واقع ڈی سی آفس کے شکایات دفتر میں جمع کرا سکتے ہیں۔ شکایات balochistan@nab.gov.pk پر ای میل کے ذریعے بھی ارسال کی جاسکتی ہیں۔
مزید معلومات کیلئے نیب بلوچستان کے علاقائی دفتر شکایات سے 081-9203614 اور 081-9203468 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔