پاکستانی کاروباری شخصیت نے انگلش فٹبال کلب خرید لیا
کراچی میں پیدا ہونے والے معیز احمد مرزا انگلش فٹبال کلب کے مالک بننے والے دوسرے پاکستانی بن گئے، کلب کو 10 سال میں انگلش فٹبال لیگ تک پہنچانے کا عزم
لندن: پاکستانی نژاد کاروباری شخصیت معیز احمد مرزا نے انگلینڈ کے نان لیگ فٹبال کلب پلیمتھ پارک وے ایف سی کو خرید لیا۔
کویت میں مقیم معیز مرزا نے اپنی بین الاقوامی تعلیمی کمپنی ایم ای سی اسٹڈی گروپ کے ذریعے کلب کی ملکیت حاصل کی ہے۔ کراچی میں پیدا ہونے والے معیز مرزا انگلش فٹبال کلب کے مالک بننے والے دوسرے پاکستانی ہیں۔ ان سے قبل پاکستانی نژاد امریکی کاروباری شخصیت شاہد خان بھی انگلینڈ کے ایک فٹبال کلب کے مالک بن چکے ہیں۔
پلیمتھ پارک وے ایف سی 1988 میں قائم ہوا تھا اور اس وقت انگلش فٹبال کے ساتویں درجے، سدرن لیگ پریمیئر ڈیویژن ساؤتھ میں کھیل رہا ہے۔
معیز مرزا نے کلب کے مستقبل کیلئے بڑے منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا خواب آئندہ 10 برس کے دوران پلیمتھ پارک وے کو انگلش فٹبال لیگ (ای ایف ایل) تک پہنچانا ہے۔
ان کے منصوبوں میں کلب کو اگلے 12 سے 18 ماہ میں مکمل طور پر پروفیشنل بنیادوں پر چلانے کے ساتھ اکیڈمی، بنیادی سہولیات اور اسٹیڈیم میں سرمایہ کاری بھی شامل ہے۔
معیز مرزا کا کہنا ہے کہ کلب کی مقامی شناخت برقرار رکھتے ہوئے اسے آگے لے جانے اور نوجوان کھلاڑیوں کیلئے نئے مواقع پیدا کرنے پر توجہ دی جائے گی۔