بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3، مزید 11 دہشت گرد ہلاک
پنجگور میں 5 اور چاغی میں 6 دہشت گرد مارے گئے، کارروائیوں کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد
کوئٹہ: بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، پنجگور اور چاغی میں مختلف آپریشنز کے دوران مزید 11 دہشت گرد ہلاک کردیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق ضلع پنجگور کے علاقے گوارگو میں دہشت گردوں کی موجودگی پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ کارروائی کے بعد ان کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
دوسری جانب ضلع چاغی کے علاقوں امین آباد اور سیاہ چنگ میں بھی سیکیورٹی فورسز نے کارروائیاں کیں، جہاں 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔ ان کارروائیوں کے دوران بھی اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشنز اور کلیئرنس سرگرمیاں جاری ہیں۔