کوہاٹ حملہ، 20 گھنٹے طویل آپریشن مکمل، تمام دہشت گرد ہلاک
پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی مشترکہ کارروائی میں 8 دہشت گرد مارے گئے، ایلیٹ فورس اور سی ٹی ڈی نے پولیس لائنز کی اہم عمارتوں کو کلیئر کردیا
کوہاٹ: پرانی پولیس لائنز میں نماز جمعہ کے دوران ہونے والے خودکش حملے کے بعد شروع کیا گیا سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن تقریباً 20 گھنٹے بعد مکمل کرلیا گیا، پولیس اور سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں تمام حملہ آور مارے گئے۔
حکام کے مطابق حملے کے بعد دہشت گرد پولیس لائنز کے اندر داخل ہوگئے تھے، جس پر ایلیٹ فورس کمانڈوز، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ کارروائی شروع کی۔
طویل آپریشن کے دوران پولیس لائنز کے مختلف حصوں میں موجود دہشت گردوں کا مقابلہ کیا گیا اور مجموعی طور پر 8 حملہ آور مارے گئے۔ آپریشن کے بعد اسپیشل برانچ سمیت اہم عمارتوں کو کلیئر کردیا گیا۔
آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے رات بھر کارروائی جاری رکھی۔ ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی، آر پی او اور ڈی پی او کوہاٹ نے بھی آپریشن کی نگرانی کی جبکہ متعلقہ سیکیورٹی حکام جائے وقوع پر موجود رہے۔
آپریشن کے دوران ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پر دستی بم سے حملہ بھی کیا گیا جس سے وہ زخمی ہوئے، تاہم طبی امداد کے بعد انہوں نے دوبارہ آپریشن کی نگرانی شروع کردی۔
حکام کے مطابق کلیئرنس آپریشن مکمل ہونے کے بعد پولیس لائنز اور ملحقہ علاقوں میں سرچنگ اور سیکیورٹی اقدامات جاری رکھے گئے تاکہ علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جاسکے۔