مہنگا ایندھن، گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں بڑا اضافہ
گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے کرائے 7 فیصد بڑھانے کا اعلان کردیا، بڑھتے ٹرانسپورٹ اخراجات سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی مزید دباؤ پڑنے کا خدشہ
کراچی: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد گڈز ٹرانسپورٹرز نے مال برداری کے کرایوں میں 7 فیصد اضافے کا اعلان کردیا ہے، جس کے بعد مختلف اشیاء کی نقل و حمل کے اخراجات بڑھنے کا امکان ہے۔
آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد کے صدر ملک شہزاد اعوان کے مطابق گزشتہ سات روز کے دوران ڈیزل کی فی لیٹر قیمت میں مجموعی طور پر 26 روپے 88 پیسے جبکہ پٹرول کی قیمت میں 20 روپے فی لیٹر اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایندھن کی قیمتوں میں نمایاں اضافے کے باعث ٹرانسپورٹرز کے آپریشنل اخراجات بڑھ گئے ہیں، جس کے پیش نظر مال برداری کے کرایوں میں 7 فیصد اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے کے بعد اشیائے ضروریہ کی ترسیل پر آنے والی لاگت بھی بڑھنے کا خدشہ ہے، جس کے اثرات مختلف مصنوعات کی قیمتوں پر پڑ سکتے ہیں۔
حکومت نے تازہ فیصلے میں ڈیزل مزید 3 روپے 47 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 424 روپے 92 پیسے فی لیٹر ہوگئی، جبکہ پٹرول کی قیمت میں 43 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔