صحبت پور میں 60 کروڑ کے 72 منصوبے مکمل
بی ایس ڈی آئی کے فیز ون اور ٹو کے تمام منصوبے ریکارڈ مدت میں پایہ تکمیل تک پہنچ گئے، بنیادی سہولیات اور انفراسٹرکچر کی بہتری پر خصوصی توجہ
صحبت پور: ضلع صحبت پور میں بلوچستان سوشل ڈویلپمنٹ انیشی ایٹو (بی ایس ڈی آئی) کے فیز ون اور ٹو کے تحت شروع کیے گئے تمام 72 ترقیاتی منصوبے ریکارڈ مدت میں مکمل کرلیے گئے ہیں، جن کے لیے مجموعی طور پر 60 کروڑ 56 لاکھ روپے کے فنڈز مختص کیے گئے تھے۔
ان منصوبوں کا بنیادی مقصد ضلع میں عوامی فلاح، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا تھا۔ مختلف علاقوں میں ترقیاتی کاموں کے ذریعے مقامی آبادی کی ضروریات پوری کرنے اور معیارِ زندگی میں بہتری لانے پر توجہ دی گئی۔
منصوبوں کی پیش رفت اور بروقت تکمیل کی نگرانی میں ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی نے اہم کردار ادا کیا، جبکہ ایف سی بلوچستان نارتھ، سول انتظامیہ اور منتخب عوامی نمائندوں کی جانب سے بھی منصوبوں کی مؤثر نگرانی یقینی بنائی گئی۔
متعلقہ حکام کے مطابق بی ایس ڈی آئی کے تحت مکمل ہونے والے منصوبوں سے ضلع میں بنیادی سہولیات تک عوام کی رسائی بہتر ہوئی ہے اور مقامی انفراسٹرکچر کو مزید مستحکم بنانے میں مدد ملی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ان ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے صحبت پور میں عوامی سہولیات میں اضافے کے ساتھ مقامی سطح پر ترقی اور خوشحالی کے عمل کو مزید آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔