غزہ میں اسرائیلی ڈرون حملے، 9 فلسطینی جاں بحق
غزہ کے مختلف علاقوں میں ڈرون حملوں کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی بھی ہوئے، جنگ بندی کے باوجود حملوں کا سلسلہ جاری
غزہ: غزہ کی پٹی کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی ڈرون حملوں کے نتیجے میں کم از کم 9 فلسطینی جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
مقامی طبی ذرائع کے مطابق مختلف مقامات کو ڈرونز کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، جس کے بعد زخمیوں کو قریبی اسپتالوں اور طبی مراکز منتقل کیا گیا۔
یہ حملے ایسے وقت میں ہوئے ہیں جب اکتوبر 2025 میں طے پانے والی جنگ بندی کے باوجود غزہ میں وقفے وقفے سے اسرائیلی کارروائیاں جاری ہیں۔ دونوں جانب سے ایک دوسرے پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کے الزامات بھی عائد کیے جاتے رہے ہیں۔
حالیہ دنوں میں غزہ کے مختلف حصوں میں فضائی اور ڈرون حملوں کے مزید واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں شہریوں کی ہلاکتیں اور زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔