فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ایرانی وزیر خارجہ کا اہم رابطہ
عباس عراقچی اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کے درمیان خطے کی تازہ صورتحال اور پاک ایران باہمی دلچسپی کے امور پر مشاورت
اسلام آباد: ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا، جس میں خطے کی تازہ صورتحال اور دونوں ممالک کے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے یہ رابطہ چین کے دورے کے دوران بیجنگ سے کیا، جہاں وہ علاقائی صورتحال پر اہم سفارتی ملاقاتوں میں مصروف ہیں۔
گفتگو کے دوران خطے میں ہونے والی تازہ پیش رفت کا جائزہ لیا گیا جبکہ امن و استحکام اور علاقائی سلامتی سے متعلق معاملات پر بھی مشاورت کی گئی۔
ایرانی وزیر خارجہ نے بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے بھی ملاقات کی، جس میں خطے میں بڑھتی کشیدگی، امن کی بحالی اور مذاکراتی عمل سے متعلق امور زیر بحث آئے۔
ایران اور پاکستان کے درمیان یہ اعلیٰ سطحی رابطہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب خطے میں کشیدگی کے باعث مختلف ممالک کی جانب سے سفارتی رابطوں میں تیزی دیکھی جارہی ہے۔