اسلام آباد: پاکستان سے یورپ کی جانب غیرقانونی امیگریشن میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور اس حوالے سے شرح میں 64 فیصد تک کمی سامنے آئی ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ کی ڈائریکٹر جنرل سوزین راب اور یورپی یونین کی بارڈر اینڈ کوسٹ گارڈ ایجنسی فرنٹیکس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہانس لیئتنس نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں کے دوران غیرقانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے پاکستان کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ اس شعبے میں بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر غیرقانونی طور پر بیرون ملک جانے کے رجحان کو روکنے، محفوظ اور قانونی ذرائع سے نقل مکانی کو فروغ دینے اور متعلقہ اداروں کے درمیان معلومات اور تجربات کے تبادلے کو مزید مؤثر بنانے پر بھی بات چیت ہوئی۔
بین الاقوامی نمائندوں نے غیرقانونی امیگریشن کے خلاف پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس سلسلے میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔