دہشت گردوں کیخلاف بڑی کامیابی، 6 ہلاک، 9 مشتبہ گرفتار: معاون وزیراعلیٰ بلوچستان شاہد رند
ساران تنگی میں خفیہ اطلاعات پر سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، 9 مشتبہ افراد گرفتار، اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد: شاہد رند
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند نے کہا ہے کہ صوبے میں دہشت گرد عناصر کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں اور ساران تنگی کے علاقے میں انٹیلی جنس بنیاد پر کیے گئے آپریشن میں 6 دہشت گرد ہلاک جبکہ 9 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
شاہد رند کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے آپریشن شعبان 2 کے تحت خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی۔ سیکیورٹی ذرائع کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ کارروائی میں فتنہ الہندوستان سے وابستہ 6 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
انہوں نے کہا کہ کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا، جبکہ حراست میں لیے گئے 9 مشتبہ افراد سے مزید تفتیش جاری ہے۔
معاون وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے اور بلوچستان میں امن و استحکام کیلئے سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی اور دہشت گرد عناصر کے ساتھ ان کے سہولت کاروں کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے۔
شاہد رند کے مطابق صوبے کے عوام کے جان و مال کے تحفظ اور پائیدار امن کے قیام کیلئے ریاستی ادارے متحرک ہیں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔