افغانستان کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان دفاع کیلئے مکمل تیار ہے: ضیاء لانگو
افغانستان جنگ اور دوسرے ممالک کے مفادات کا حصہ بننے کے بجائے اچھے ہمسائے کی طرح پاکستان کے ساتھ رہے، کسی نے میلی نظر سے دیکھا تو منہ توڑ جواب دیں گے، وزیر داخلہ بلوچستان
کوئٹہ: وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی خودمختاری اور دفاع کیلئے ہمیشہ تیار ہے، افغانستان کو غلط فہمیوں سے نکل کر حقائق کا ادراک کرنا چاہیے اور خطے میں نئی کشیدگی سے گریز کرنا چاہیے۔
اپنے بیان میں میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ افغانستان پاکستان کا برادر ہمسایہ ملک ہے اور اسے جنگ یا دوسرے ممالک کے مفادات کا حصہ بننے کے بجائے ایک اچھے ہمسائے کی حیثیت سے پاکستان کے ساتھ تعلقات آگے بڑھانے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کو اپنے عوام کو مزید جنگ کے عذاب سے بچانا چاہیے اور کسی ایسی خوش فہمی کا شکار نہیں ہونا چاہیے جو ملک کو ایک نئی جنگ کی طرف لے جائے۔
وزیر داخلہ بلوچستان نے بھارت اور اسرائیل پر افغانستان کو پاکستان کے خلاف استعمال کرنے اور مالی معاونت فراہم کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کو دوسرے ممالک کے مفادات کے بجائے اپنے عوام اور خطے میں امن کو ترجیح دینی چاہیے۔
میر ضیاء اللہ لانگو کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج سرحدوں کے دفاع کیلئے مکمل طور پر تیار ہیں اور ملکی خودمختاری کو نقصان پہنچانے کی کسی بھی کوشش کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک اسلامی ملک ہے اور افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات چاہتا ہے، تاہم پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔
وزیر داخلہ نے خبردار کیا کہ افغانستان کو پاکستان کے ساتھ کسی نئی محاذ آرائی سے گریز کرنا چاہیے اور معاملات کو پرامن ہمسائیگی اور باہمی مفادات کی بنیاد پر آگے بڑھانا چاہیے۔