کوئٹہ: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے انسانی اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش ناکام بناتے ہوئے خواتین اور بچوں سمیت 103 افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی ضلع شیرانی کے علاقے دانہ سر بائی پاس پر کی گئی، جہاں غیر قانونی طور پر سفر کرنے والے افغان باشندوں کو حراست میں لیا گیا۔ بعدازاں انہیں مزید قانونی کارروائی کیلئے متعلقہ پولیس حکام کے حوالے کردیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زیرِحراست افراد مبینہ طور پر انسانی اسمگلروں کی مدد سے پاکستان کے راستے ایران اور وہاں سے یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران اس نوعیت کی کارروائیوں میں زیرِحراست لیے جانے والے افغان باشندوں کی تعداد 129 ہوگئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سرحدی علاقوں میں غیر قانونی نقل و حرکت اور انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔