قلات آپریشن کی کامیابی، صدر اور وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین
5 دہشت گرد ہلاک اور 23 مغوی بحفاظت بازیاب، قومی شاہراہ پر اغوا، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کی کوشش ناکام بنا دی گئی
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع قلات میں دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کارروائی کے دوران دہشت گردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بھی قلات کے قریب چمن کراچی قومی شاہراہ N-25 پر کارروائی کو سراہا، جہاں سیکیورٹی فورسز نے 5 دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ ان کے قبضے سے 23 مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرایا۔
وزیراعظم کے مطابق دہشت گرد قومی شاہراہ پر شہریوں کی آمدورفت متاثر کرنے کے علاوہ اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کی سرگرمیوں میں ملوث تھے، جن کی کوشش سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے ناکام بنادی۔
کارروائی کے دوران 6 ٹرک، 3 بسیں اور 2 گاڑیوں کے ساتھ بڑی مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ آپریشن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کیلئے سیکیورٹی ادارے اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔